بھارت سے یو اے ای میں سیریز کیلئے کوششیں جاری ہیں: شہریار خان

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ پاک بھارت سیریز کی قوی امید ہے اگر ایسا نہ ہوا تو پھر متبادل منصوبے بھی تیار ہیں۔

کراچی: ( نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز کامیاب ثابت ہوئی ملک کی ساکھ بھی بہتر ہوئی اب امید ہے کہ آئندہ برس سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی آئیں گی۔ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ بھی کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رواں برس کے آخر میں بھارت سے یو اے ای میں سیریز کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ براڈ کاسٹنگ کے معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ ناراض ہے پھر بھی ستر فیصد امید ہے کہ سیریز ہو گی تاہم اگر ایسا نہ ہو سکا تو متبادل منصوبہ بھی تیار ہے۔ شہریار خان نے میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ عالمی کپ اور بنگلہ دیش کے خلاف ناقص کارکردگی پر انکوائری کمیٹی کی رپورٹ جلد مل جائے گی۔ زمہ داران کے خلاف ایکشن بھی لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ این سی اے کوچ محمد اکرم کو کمینٹری کرنے سے روک دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنا کام بہتر انداز میں کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک اسٹرکچر پر بڑی تبدیلیاں کریں گے جبکہ قومی کرکٹرز کی فٹنس پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ اس موقع پر پی سی بی کے سربراہ نے انڈر سکسٹین کرکٹرز سے ملاقات بھی کی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنی فٹنس پر زیادہ توجہ دیں کیونکہ سو فیصد فٹنس نہ ہو تو وہ زیادہ ترقی بھی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نیشنل اسٹیڈیم میں اکیڈمی بھی جلد مکمل ہو جائے گی جس میں انہیں مکمل سہولتیں میسر ہوں گی۔ –

تبصرے بند ہیں.