کھٹمنڈو: ساؤتھ ایشین انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ بھارت نے جیت لی، فائنل میں میزبان نیپال کو سخت مقابلے کے بعد ایک گول سے شکست ہوئی۔ بنگلہ دیش نے افغانستان کو اسی مارجن سے زیر کرتے ہوئے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا۔ تفصیلات کے مطابق کھٹمنڈو میں منعقدہ ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں بھارتی کھلاڑیوں نے ابتدا میں ہی گرفت مضبوط بنالی،11 ویں منٹ میں فاؤل پلے کی پاداش میں نوردین کو یلو کارڈ کا سامنا کرنا پڑا،18ویں منٹ میں جیری لال رینزوئیلا نے پاورفل کک کے ذریعے گول داغتے ہوئے بلو شرٹس کو برتری دلادی۔ پہلے ہاف کے آخری لمحات میں جیری کو گول کرنے کا ایک اور یقینی موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ وقفے کے بعد پہلے ہی منٹ میں نیپال نے شیوا سوبیدی کی جگہ کرن سونار کو میدان میں اتارا، 66ویں منٹ میں بھارت نے نور دین کی جگہ بیدیشور کو موقع فراہم کیا۔77 ویں منٹ میں نیپال کو گول کرنے کا یقینی موقع ملا مگر بیمل کے ہیڈر پر گیند گول پوسٹ سے ٹکرا کر باہر چلی گئی۔ 78ویں منٹ میں بھارت نے انورادھ تھاپا کی جگہ کنیت کمار کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا۔ ایک منٹ بعد نیپال نے بھی مڈفیلڈر آکاش کی جگہ اسٹرائیکر گارو شروانی کو میدان میں اتارا،آخری لمحات میں نیپال کی جانب سے کئی حملے کیے گئے جنھیں بھارتی گول کیپر دھیرج نے ناکام بنا دیا،اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا اور بھارت چیمپئن بن گیا۔ قبل ازیں تیسری پوزیشن کے مقابلے میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو ایک گول سے زیر کیا۔ دونوں ٹیموں نے آغاز سے ہی دفاعی انداز اپنایا، پہلے ہاف میں کوئی بھی حریف گول پوسٹ پر خطرناک انداز میں حملہ آور نہ ہوسکا۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے گیند پر گرفت مضبوط بناتے ہوئے حملوں کا آغاز کیا،55 ویں منٹ میں ناصر حسین نے انفرادی کوشش سے خوبصورت گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلا دی جو اختتام تک برقرار رہی۔
تبصرے بند ہیں.