چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاستی نظام میں عوامی خدمت پر مبنی سول بیورو کریسی کا شفاف کردار ناگزیر ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آرمی آڈیٹوریم میں سول سروسز اکیڈمی کے 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام (CTP) کے زیرتربیت افسران سے ملاقات کی۔یہ افسران امن کے دوران فوجی فارمیشنز، آپریشنل علاقوں، بالخصوص کشمیر،خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پاکستان آرمی کے ساتھ منسلک رہے اور انہیں تینوں مسلح افواج کی سرگرمیوں کو قریب سے دیکھنے اور سیکھنے کا موقع ملا۔فیلڈ مارشل کی افسران سے ملاقات ایک وسیع تر قومی اقدام کا حصہ تھی ، جس کا مقصد سول اور عسکری قیادت کے درمیان ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور باہمی فہم و ادراک کو گہرا کرنا ہے۔اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے قومی سلامتی، درپیش داخلی و خارجی چیلنجز اور پاکستان کی علاقائی سلامتی و استحکام میں مسلح افواج کے کلیدی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے ادارہ جاتی یکجہتی، باہمی احترام اور مشترکہ قومی مقصد ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ریاستی نظام میں ایک باصلاحیت، شفاف اور عوامی خدمت پر مبنی سول بیوروکریسی کے کردار کو ناگزیر قرار دیا۔چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ نوجوان افسران دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کے اعلیٰ معیار کو اپنائیں۔اس موقع پر شرکا نے سینئر فوجی قیادت سے براہ راست ملاقات اور پاکستان آرمی کے وژن، آپریشنل تیاری اور قومی تعمیر و ترقی میں کردار کے بارے میں جاننے کے موقع کو بے حد سراہا۔ملاقات کا اختتام سوال و جواب کے سیشن پر ہوا، جو ایک تعمیری مکالمے، مشترکہ ذمے داری اور پاکستان کی ترقی کے لیے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
تبصرے بند ہیں.