بھارت: بی جے پی حکومت کا بلٹ ٹرین چلانے کا اعلان

بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے جاپان اور چین کی طرز پر تیز رفتار بلٹ ٹرین چلانے اور ریلوے کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔

نئی دہلی (ویب ڈیسک) برطانوی میڈیا کے مطابق بھارتی ریلوے کا شمار دنیا کے سب سے بڑے ریل نیٹ ورکس میں کیا جاتا ہے۔ اس ملک میں 62 ہزار کلومیٹرسے زیادہ لمبی پٹریوں پر ہر روز 19 ہزار ریل گاڑیاں چلتی ہیں اور 2013 میں آٹھ ارب مسافروں نے ان ریل گاڑیوں میں سفر کیا۔ یہ اعدادو شمار دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔ اسی لئے بھارت میں ریلوے کا بجٹ الگ سے پیش کیا جاتا ہے اور اس میں عام لوگوں کی خاص دلچسپی ہوتی ہے۔ منگل کے روز بی جے پی حکومت کے اپنے پہلے ریلوے بجٹ میں سب سے دلچسپ اعلان یہی تھا کہ ملک میں بلٹ ٹرینیں چلائی جائیں گی اور موجودہ ریل گاڑیوں کی رفتار بڑھائی جائے گی۔ البتہ بلٹ ٹرینوں کے لیے نئی پٹریاں بچھانے کی ضرورت ہوگی اور اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں کئی سال لگیں گے۔ ریلوے فی الحال بھاری خسارے میں جا رہی ہے اور بلٹ ٹرین کا خواب پورا کرنے سے قبل حکومت کی کوشش ہوگی کہ پہلے ریلوے کا محکمہ واپس پٹری پر آ جائے۔ –

تبصرے بند ہیں.