بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کے داماد کے گرد گھیراتنگ

ممبئی: ممبئی پولیس نے آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں بھارتی بورڈ کے صدر این سری نواسن کے داماد گروناتھ می اپن کے گرد گھیراتنگ کردیا۔ کرائم برانچ نے می اپن کوآج ہرصورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے گزشتہ روز چنائے سپرکنگز کے ٹیم پرنسپل می اپن کوسمن جاری کردیئے تھے لیکن می اپن نے کرائم برانچ کے سامنے پیش ہونے کے لئے پیرتک کی مہلت طلب کی تھی۔ میڈیا کے مطابق پولیس نے ان کی درخواست مستردکردی ہے اور انہیں آج ممبئی کرائم برانچ کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔ بالی ووڈ ایکٹر وندو دارا سنگھ نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ می اپن ان کے ذریعے آئی پی ایل میچز پر بڑی بڑی شرطیں لگاتا تھا اور اس دوران وہ ایک کروڑروپے بھی ہارا۔ پولیس کے مطابق می اپن دو ہزار گیارہ سے آئی پی ایل کے میچز پر بیٹنگ کر رہا ہے۔ وندوکا تین روزہ ریمانڈ آج ختم ہورہا ہے اور پولیس آج انہیں عدالت میں پیش کرے گی۔ دوسری جانب ممبئی پولیس آج پاکستانی امپائر اسد روٴف سے بھی پوچھ گچھ کرے گی۔ آئی سی سی نے میڈیا رپورٹس پر گزشتہ روز اسد روٴف کو چیمپئینز ٹرافی کے امپائرز پینل سے باہر کر دیا تھا۔ ادھر دہلی پولیس نے حیدر آباد ائیر پورٹ سے ایک اور بکی کو گرفتار کر لیا ہے جودبئی فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس کا ماننا ہے کہ اس بکی کا اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں مرکزی کردارہوسکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.