بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن عہدے سے مستعفی

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سری نواسن نے اپنے عہدے سے مستعفی ہوتے ہوئے کہا کہ وہ کرکٹ بورڈ کے رواں ماہ ہونے والے انتخابات میں صدارت کے لئے دوبارہ حصہ لیں گے، بی سی سی آئی کے انتخابات 29 ستمبر کو ہوں گے جس میں صدر کے عہدے کے لئے سری نواسن کے مد مقابل بی سی سی آئی کے سابق صدر ششانک منوہر ہوں گے اور سری نواسن کو دوبارہ صدر منتخب ہونے کے لئے 23 میں سے 16 ممبران کے ووٹ درکار ہوں گے۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل اسکینڈل میں سری نواسن کے داماد گروناتھ میپن سمیت کئی دیگر بڑی شخصیات کے ملوث ہونے کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد سے ہی سری نواسن پر مختلف حلقوں کی جانب سے عہدے سے مستعفی ہونے کے لئے بہت دباؤ تھا لیکن انہوں نے اپنی ضد برقرار رکھتے ہوئے مستعفی ہونے سے انکار کردیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.