بھارتی منڈیوں تک رسائی سے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے: وزیر تجارت

وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور اقتصادی ڈپلومیسی کو دھرنوں کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائے گا۔

اسلام آباد: (آن لائن) ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام بھارت میں ہونے والی نمائش کے بارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کرنا چاہتا ہے۔ بھارت کی تجارتی منڈیوں تک کامیاب رسائی کے ذریعے پاکستان میں ملازمتوں کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی دہلی کے بعد بھارت کے دوسرے شہروں میں بھی پاکستانی مصنوعات کی نمائشیں منعقد کرائی جائیں گی۔ جمعرات کو شروع ہونے والی نمائش میں پاکستان سے 150 سے زائد برانڈ اور کمپنیاں 320 سٹالز پر اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ دھرنوں سے ملک میں پیدا ہونے والے سیاسی عدم استحکام سے صنعتی نمائش کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہونا شروع ہو گئے تھے مگر وزارت بند ہونے کے باوجود ہم نے نمائش کے انتظامات مکمل کئے۔ انہوں نے بتایا کہ کہ اس نمائش کا بنیادی مقصد پاکستانی مصنوعات کو بھارت کی 60 کروڑ کی مڈل کلاس آبادی تک رسائی دینا ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.