نئی دہلی (فارن ڈیسک )عموماً انسان وصیت میں اپنی جائیداد اپنے بیوی بچوں کے نام کرتا ہے یا اگر اس شخص کے بیوی بچے نہ ہوں تو اس صورت میں وہ اسے غریبوں یا فلاحی اداروں کو دینے کی وصیت کرتا ہے ، لیکن حال ہی میں ایک انوکھے ہی طرز کا واقعہ دیکھنے میں آیا ہے جس میں ایک شخص نے اپنی وصیت میں آدھی جائیداد اپنے دو ہاتھیوں کے نام کر دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست سے بہار سے تعلق رکھنے والے اختر امام نے وصیت کی کہ مرنے کے بعد اس کی آدھی جائیداد اس کے دونوں ہاتھیوں کے نام ہوگی جو کئی سالوں سے ان ہاتھیوں کو پال رہا ہے۔امام اختر نے بتایا کہ وہ کئی سالوں سے اپنے گھر میں اکیلے ہی رہ رہا ہے کیونکہ گھریلو نا چاقی کی وجہ سے انہوں نے اپنی اہلیہ سے علیحدگی اختیار کر لی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ ایک مرتبہ ان کے گھر میں لوٹ مار اور قتل کی نیت سے کچھ افراد گھس آئے تھے اور انہیں دیکھ کر میرے ہاتھیوں نے شور مچایا تو میری آنکھ کھل گئی جس کے بعد مزاحمت پر یہ افراد بھاگ گئے۔بھارتی شہری نے بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنی آدھی جائیداد ہاتھیوں کے نام کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ انہوں نے اپنی مزید آدھی جائیداد بیوی اور بیٹے کے نام وصیت کی تھی۔خیال رہے کہ اختر امام کی جائیداد کی مالیت تقریباً 10 کروڑ ہے جو کہ جانوروں کے مر جانے کے بعد کسی فلاحی ادارے کو دے دی جائے گی۔
تبصرے بند ہیں.