بھارت،پیازکی قیمت4 گنابڑھنے سے مہنگائی7ماہ کی بلندترین سطح پرپہنچ گئی

بھارت میں پیاز کی قیمت 4گنا بڑھنے کے باعث مہنگائی کی شرح 7ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ جس کے نتیجے میں شرح سود میں اضافے کی توقعات کی جارہی ہیں تاکہ معیشت کو درست ٹریک پر رکھا جا سکے۔ گزشتہ روز جاری اعدادوشمار کے مطابق بھارت میں ہول سیل پرائس انڈیکس ستمبر میں 6.46 فیصد پر پہنچ گیا جو اگست میں 6.10 فیصد تھا جبکہ ماہرین نے مہنگائی کی شرح 6فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔ تاہم سبزیوں اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے افراط زر کی شرح بھی بڑھا دی، گزشتہ ماہ سبزیوں کی قیمتوں میں 18.40 فیصد کا سال بہ سال اضافہ ریکارڈ کا گیا جبکہ پیاز کی قلت کے باعث اس کی قیمت 322 فیصد بڑھ گئی، اسی طرح ایندھن کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اقتصادی ماہرین نے افراط زر کی شرح 5 فیصد کی حد سے زیادہ ہونے کی وجہ سے مرکزی بینک کے آئندہ پالیسی اجلاس میں شرح سود میں 25 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیے جانے کی پیش گوئی کی ہے، بھارتی مرکزی بینک آربی آئی کا پالیسی اجلاس 29 اکتوبر کو ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.