بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی تا اگست4فیصد کا اضافہ

کراچی: پاکستان میں رواں مالی سال کے ابتدائی 2ماہ (جولائی اگست2015) کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار (ایل ایس ایم) میں سال بہ سال4.11 فیصد کا اضافہ ہوا جس میں سب سے اہم کردار آٹوموبائل، کھاد اور خوراک ومشروبات کے شعبے نے ادا کیا جبکہ اگست میں ایل ایس ایم گروتھ سال بہ سال 4.82 فیصد اور جولائی کے مقابلے میں 4.1فیصد رہی۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی اگست میں آٹوموبائل سیکٹر کی پیداوار میں 44.46 فیصد، کھاد کی پیداوار میں 15.13 فیصد اور خوراک ومشروبات کی پیداوار میں 4.97 فیصد رہا اور ان کا مجموعی پیداوار میں زیادہ حصہ رہا تاہم غیردھاتی معدنی مصنوعات کی پیداوار7.68 فیصد، فارماسیوٹیکلز 6.92 فیصد، لیدرپروڈکٹس 19.05 فیصد اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار میں 0.79 فیصد کے اضافے کے باعث ان شعبوں کا بھی مجموعی ایل ایس گروتھ میں حصہ نمایاں تاہم گاڑی ساز، کھاد اور خوراک ومشروبات کے شعبوں سے نسبتاً کم رہا۔

اس کے علاوہ جولائی اگست کے دوران کیمیکلز12.71 فیصد، کوک و پٹرولیم مصنوعات 2.06 فیصد، الیکٹرونکس 1.03 اور ربرپروڈکٹس کی پیداوار میں 3.31 فیصد کا اضافہ ہوا مگر پیپراینڈ بورڈ46.32 فیصد، انجینئرنگ پروڈکٹس 23.05 فیصد، لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار 23.83 اور آئرن واسٹیل مصنوعات کی پیداوار میں 0.34 فیصد کمی آئی۔ اعدادوشمار کے مطابق اگست میں بھی آٹوموبائل، کھاد،خوراک و مشروبات، غیردھاتی معدنی مصنوعات، فارماسیوٹیکلز، لیدر، ٹیکسٹائل، کیمیکلز،کوک و پٹرولیم مصنوعات، الیکٹرونکس اور ربرپروڈکٹس کی پیداوار میں اضافہ جبکہ پیپراینڈ بورڈ، انجینئرنگ، لکڑی اور آئرن واسٹیل مصنوعات کی پیداوار میں کمی ہوئی

تبصرے بند ہیں.