خام تیل نرخوں میں کمی سے آئل کمپنیوں کا منافع بھی گھٹ گیا

پیرس: خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث دنیا بھر میں بڑی آئل کمپنیوں کے منافع میں نمایاں کمی ہوئی جبکہ بعض کمپنیوں کو خسارے کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے جس کی وجہ سے بڑے آئل کمپنیوں نے اپنے آپریشنز کو قابل عمل بنانے کے لیے کیپٹل اخراجات میں کٹوتی پرتوجہ مرکوز کی ہوئی ہے جبکہ سرمایہ کاری محدود کرتے ہوئے نئے منصوبے روک دیے گئے ہیں تاہم ریونیو متاثر ہونے کے باوجود بڑی کمپنیوں کے حصص یافتگان کی ڈیویڈنڈ پیمنٹس محفوظ ہیں۔

واضح رہے کہ سال 2014کے وسط سے اب تک خام تیل کی قیمتیں کم وبیش 50فیصد کم ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے بڑے آئل گروپس کے مالیاتی نتائج سکڑرہے ہیں اور انھیں تیل کی تلاش کے اپنے مہنگے منصوبوں پر نظرثانی کرنی پڑ رہی ہے۔ 2010 میں خلیج میکسیکو تیل رساؤ حادثے سے متاثرہ برٹش انرجی کمپنی بی پی کا منافع رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں 64 فیصد کم ہوگیا اور اس نے اپنی 2015کے سرمایہ کاری بجٹ میں 4ارب ڈالر کٹوتی کردی ہے۔ بی پی چیف ایگزیکٹو باب ڈوڈلے کا کہنا ہے کہ ہم نئی قیمت کے ماحول سے ہم آہنگی کے لیے اپنے مالیاتی فریم ورک کو ری بیلنس کر رہے ہیں۔ دوسری طرف رآئل ڈچ شیل کو رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں 7.4ارب ڈالر کا خسارہ ہوا، کمپنی نے الاسکا اور کینیڈا میں مہنگے منصوبے ختم کردیے ہیں اور مزید مسابقتی بننے پر توجہ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.