ہرارے: بنگلہ دیش نے زمبابوے کا حساب چکتا کرتے ہوئے دوسرا ٹیسٹ 143 رنز سے جیت لیا۔
یوں دو میچز کی سیریز1-1 سے برابر ہو گئی، ٹائیگرز کی زمبابوین سرزمین پر پہلی اور مجموعی طور پر یہ چوتھی ٹیسٹ کامیابی رہی،401 کا ہدف پانے والی میزبان سائیڈ کی ہمت 257 پر جواب دے گئی، ہیملٹن مساکیڈزا نے 111 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر بھرپور مزاحمت کی، مہمان قائد مشفیق الرحیم کو 60 اور 93رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔
دو میچز میں 15 وکٹیں لینے والے روبیع الاسلام سیریز کے ہیرو ٹھہرے۔ تفصیلات کے مطابق ہرارے میں ابتدائی ٹیسٹ 335رنز کے بھاری مارجن سے ہارنے کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے زمبابوے کو دوسرے میچ میں 143رنز سے مات دی، میزبان نے دن کا آغاز 4 وکٹ 138رنز سے کیا، اس کے سامنے 6وکٹوں کی موجودگی میں 263رنزبنانے کا چیلنج تھا۔
اگرچہ ہیملٹن مساکیڈزا نے اپنے چھوٹے بھائی شینگی کے ہمراہ ابتدائی گھنٹے میں کوئی نقصان نہیں ہونے دیا تاہم یکدم گرجانے والی دو وکٹوں نے صورتحال بدل دی، شینگی (24) کو اشرفل نے ایل بی ڈبلیو کیا، ایلٹن چگمبرا(2 ) کی وکٹ سوہاگ نے روبیع الاسلام کی مدد سے حاصل کی،لنچ کے بعد سیمر ضیا الرحمان نے رچمنڈ موتمبامی( 12) اور گریمی کریمر (3) کو بھی اپنے جال میں پھانس لیا۔
مساکیڈزا نے مڈ وکٹ پر چھکے کے ذریعے اپنی دوسری سنچری مکمل کی، کیگان میتھ(4) کوروبیع الاسلام نے پویلین چلتا کیا جبکہ شکیب نے کیل جاروس کو ایل بی ڈبلیو کرکے زمبابوے کی بساط257 پر لپیٹ دی، 7رنز بنانے والے جاروس نے آخری وکٹ کیلیے ہیملٹن کے ہمراہ 38رنز جوڑے، ہیملٹن 111 پر ناٹ آؤٹ رہے، میڈیم پیسر ضیا الرحمان نے 4 اور شکیب نے 3وکٹیں لیں۔
تبصرے بند ہیں.