بنگلا دیشی اخبار نے بھارتی کھلاڑیوں کی ’آدھی ٹنڈ‘ کا اشتہار شائع کر دیا

کرکٹ کے میدان میں کامیابیوں کے بعد بنگلا دیشیوں کا گھمنڈ ساتویں آسمان پر پہنچ گیا۔ ایک اخبار نے بھارتی کھلاڑیوں کی مضحکہ خیز تصویر جاری کر دی۔

ڈھاکا: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بنگلہ دیشی اخبار میں چھاپے گئے اشتہار میں مستفیض الرحمان کے کارناموں اور بھارتی ٹیم کی شکست کو استعمال کیا گیا۔ یہ اشتہار بظاہر ایک کتابوں کے سٹور کا تھا جو 29 جون کو سامنے آیا۔ اس میں بنگالی باﺅلر مستفیض الرحمان کے سامنے اچھا کھیل پیش نہ کرنے پر بھارتی بلے بازوں کا مذاق اڑایا گیا۔ اشتہار میں کپتان مہندرا سنگھ دھونی، ویرات کوہلی، شیکھر دھون، روی چندرن ایشون، جدیجا اور رہانے کو   آدھی ٹنڈ   کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔

 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اشتہار میں کہا گیا ہے کہ ہم نے مستفیض کو استعمال کیا، ہم اسے استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ اس اشتہار سے بھارتی کرکٹ بورڈ یا کھلاڑیوں کو خوشی نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ بنگلا دیشی ٹیم کی کارکردگی عروج پر ہے اور شائقین بھی بھارت کے خلاف اپنی ٹیم کی تاریخی جیت کا تاحال جشن منا رہے ہیں۔ بنگلا دیشی باﺅلر مستفیض الرحمان کی شاندار باﺅلنگ کی وجہ سے بنگلا دیش نے سیریز دو ایک سے اپنے نام کی تھی۔ انہوں نے تین میچوں میں مجموعی طور پر بھارتی سورماﺅں کی 13 وکٹیں اڑائیں۔

 

تبصرے بند ہیں.