بلاول بھٹو کی گرفتاری کی خبر جھوٹ اور حقائق کے منافی ہے: دفترخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی گرفتاری کی خبر جھوٹ اور حقائق کے منافی ہے، گرفتاری کے سوال کی کسی سنجیدہ صحافی سے توقع نہیں تھی۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ بھارت پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کےلیے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرتا ہے، بھارتی ریاستی دہشت گردی پر پاکستان نے ڈوزیئر تیار کیا ، بھارت بات چیت کےلئے موزوں ماحول پیدا کرے، پاک بھارت تمام تنازعات بات چیت سے حل ہونے چاہیئں ، بھارت دہشتگردی ترک کرے، پاکستان سمیت پورے خطے میں انڈیا دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ نے دہشت گردی سے متعلق جامع بیان دیا ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور پاکستان دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا، بھارت ایک عرصے سے کشمیریوں کو مسلسل ظلم و ستم کا نشانہ بنارہا ہے، سید علی گیلانی کی تدفین میں بھارتی فورسز نے مشکلات پیدا کی تھیں، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ دورے پر موجود وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں امریکی تھنک ٹینک سے بھی ملاقات کی، جی77سمٹ میں بلاول بھٹو نے ترقی پذیر ممالک کے مسائل پر بات کی، وزیر خارجہ نے سیلاب کے بعد بحالی کے کاموں سے بھی آگاہ کیا ہے اور وہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق دنیا کو آگاہ کررہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں ، افغانستان میں بچیوں کی تعلیم پر پاکستان کا مؤقف واضح ہے، ہم افغان حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

تبصرے بند ہیں.