بلاول اسمبلی آنے کی دعوت نہیں دے سکتے یہ وزیراعظم کا استحقاق ہے: شاہ محمود

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ہمیں اسمبلی میں آنے کی دعوت نہیں دے سکتے، اسمبلی آنے کی دعوت دینا وزیراعظم کا استحقاق ہے۔اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں لیکن حکومت سنجیدہ نہیں ہے اور انتخابات کی تاریخ نہیں دے رہی۔اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطوں سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ غیر سیاسی ہے ہم کیسے ان سے رابطہ کر سکتے ہیں؟شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول ہمیں پارلیمنٹ میں آنے کی دعوت نہیں دے سکتے یہ وزیراعظم کا استحقاق ہے۔یاد رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر بھٹو کی برسی پر کیے گئے خطاب میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو پارلیمنٹ میں واپس آنے کی وارننگ دی تھی۔

تبصرے بند ہیں.