برلن میں کنزیومر الیکٹرانکس کی سب سے بڑی یورپی نمائ

جرمن دارالحکومت برلن میں پانچ ستمبر سے کنزیومر الیکٹرانکس کی نمائش ، آئی ایف اے شروع ہو رہی ہے۔ الیکٹرانکس کے حوالے سے یورپ کی یہ سب سے بڑی نمائش 10 ستمبر تک جاری رہے گی۔

برلن (نیٹ نیوز) جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق اس نمائش کی دلچسپ بات یہ ہے کہ معروف امریکی کمپنی ایپل اس میں شریک نہیں ہو رہی تاہم اس کی طرف سے اس نمائش کے دنوں کے دوران ہی اپنا نیا آئی فون یعنی آئی فون سِکس متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔ ویسے بھی ایپل کمپنی اپنی نئی مصنوعات باقاعدہ طور پر متعارف کرائے جانے سے قبل ان کی تفصیلات کو خفیہ رکھنے کے حوالے سے شہرت رکھتی ہے۔ الیکٹرانکس انڈسٹری پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق آئی ایف اے کے دوران الیکٹرانکس کی دنیا کے بڑے نام سمارٹ فونز سمیت اپنی جدید ترین مصنوعات متعارف کرائیں گے جس سے ایپل کے آئی فون کے حوالے سے عوامی دلچسپی متاثر ہو سکتی ہے۔ سام سنگ اور ایل جی گزشتہ ہفتے ہی اپنی اپنی بازو پر باندھی جانے والی ڈیوائسز کا اعلان کر چکے ہیں۔ بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ایپل کی طرف سے آئی فون سِکس کے علاوہ آئی واچ متعارف کرانے کی توقع بھی ہے۔ بازو پر باندھی جانے والی یہ ڈیوائس آئی فون اور آئی پیڈ کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ جاپانی کمپنی سونی بھی اپنا نیا سمارٹ فون ایکسپیریا زیڈ تھری متعارف کرائے گی۔ جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والی ایپل کی سب سے بڑی حریف کمپنی سام سنگ کی طرف سے بہت جلد ہی اپنے بڑے سائز کے سمارٹ فون گلیکسی نوٹ فور متعارف کرائے جانے کی توقع ہے تاکہ یہ کمپنی سمارٹ فونز کے حوالے سے اپنی نمبر ایک پوزیشن کو برقرار رکھ سکے۔ کنزیومر الیکٹرانکس کی نمائش میں دنیا بھر سے 1500 سے زائد کمپنیاں شریک ہو رہی ہیں۔ پانچ ستمبر سے 10 ستمبر کے دوران امید کی جا رہی ہے کہ پانچ لاکھ سے زائد افراد اس نمائش کو دیکھنے کے لیے پہنچیں گے۔ –

تبصرے بند ہیں.