برازیل کے کوچ فلپ سکولاری عہدے سے برطرف

ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں جرمنی کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد برازیل کے فٹ بال کوچ لوئز فلپ سکولاری کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

ریو ڈی جینرو: ( ویب ڈیسک) برازیل میں جاری 20ویں فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فاںئل میچ میں مہمان ٹیم کو جرمنی کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جرمن ٹیم نے برازیل کو سات، ایک سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ لوئز فلپ سکولاری کو 2012ء میں برازیلن فٹ بال ٹیم کا کوچ نامزد کیا گیا تھا۔ جرمنی کے مختلف حلقے ورلڈ کپ میں شکست کے بعد سکولاری سے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ برازیل کے لیجنڈ فٹبالر زیکو نے کہا تھا کہ کوچ لوئز فلپ سکولاری سے جان چھڑا لی جائے۔ سیمی فائنل میں بدترین شکست کے بعد ان کا ٹیم کے ساتھ رہنا نہیں بنتا۔ ہمیں اب نئے لوگوں کو آگے لانا چاہئے جن کے نئے خیالات ہوں تاکہ برازیلین فٹبال ٹیم کو اچھے طریقے سے کھلایا جا سکے۔ اس سے قبل جرمنی سے شکست پر برازیل کے کوچ لوئز فلپ سکولاری نے قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ فیفا ورلڈ کپ میں جرمنی کے ہاتھوں ٹیم کی شکست میری زندگی کا بدترین دن تھا اور میں اس کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ سکولاری کی زیر کوچنگ ہی برازیل کی ٹیم نے 2002ء میں ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بطور کوچ میں اس شکست کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ یہ ٹیم میں نے منتخب کی تھی۔ میری مداحوں سے درخواست ہے کہ وہ جرمنی کے خلاف ناقص کارکردگی پر مجھ سمیت تمام کھلاڑیوں کو معاف کر دیں۔ –

تبصرے بند ہیں.