بحران حل کرنے کیلیے اقبال قاسم مزید فرائض نبھانے کوتیار

کراچی: سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں ضرورت پڑنے پر اگر مجھ سے کہا گیا تو مزید ذمہ داری نبھانے کو تیار ہوں۔  کے استفسار پر انھوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ملک کو اولیت دی اور اب بھی ایسا ہی کروں گا،اگر بورڈ کو میری ضرورت پڑی تو مزید فرائض انجام دے سکتا ہوں، اس کے بعد عدالتی حکم کے مطابق جب انتخابات ہوں تو نئی سلیکشن کمیٹی کا تقرر کر دیا جائے، یاد رہے کہ اقبال قاسم نے گذشتہ دنوں مزید فرائض انجام دینے سے معذرت کر لی تھی، ان کے عہدے کی معیاد پہلے ہی ختم ہو چکی جس میں توسیع کر دی گئی تھی، اس سے قبل بھی انھوں نے استعفیٰ دیا مگر سابق چیئرمین ذکا اشرف کے کہنے پر فیصلہ تبدیل کر لیا تھا۔نگراں چیئرمین نجم سیٹھی نے بھی اقبال قاسم سے کہا تھا کہ وہ کام جاری رکھیں مگر صحت و دیگر مسائل کی وجہ سے انھوں نے دلچسپی نہیں دکھائی، بعدازاں سابق کپتان معین خان کو چیف سلیکٹر مقرر کرتے ہوئے سابقہ سلیکشن کمیٹی برقرار رکھی گئی مگر عدالتی حکم پر معین کا تقرر کالعدم قرار دیا جا چکا، اس وقت بورڈ چیف نئی تقرریاں کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، ایسے میں اقبال قاسم کے کچھ عرصے مزید کام جاری رکھنے سے اے سی سی ایمرجنگ کپ اور دورئہ زمبابوے کے اسکواڈز منتخب کرنے کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر اقبال قاسم کو واپس نہیں لیا جاتا تو سلیم جعفر کی سربراہی میں موجودہ سلیکشن کمیٹی کو ہی ٹیمیں چننے کا ٹاسک دیا جا سکتا ہے، سابق ٹیسٹ پیسر ماضی میں بھی کچھ عرصے کیلیے چیف سلیکٹر رہ چکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.