لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران نے پنجاب حکومت سے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی حتمی منظوری سے قبل مختلف مارکیٹوں میں مجوزہ پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے منصوبے کیلئے فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تاجروں کے اس دیرینہ مطالبے کو پورا کرے ، موجودہ حالات میں کمرشل پراپرٹی ٹیکس میں مزید رعایت دی جائے اور رواں مالی سال کے بقایات جات پر سرچارچ وصول نہ کیا جائے ۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر اشرف بھٹی نے اپنے دفتر میں انار کلی سمیت دیگر مارکیٹوں کے عہدیداروں کے وفد کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں وفاقی اور پنجاب حکومت کے بجٹ دستاویز بھی زیر بحث آئیں۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹیکسز کی صورت میں بوجھ نہیں ڈالا گیا لیکن موجودہ مشکل حالات میں تاجروں کو مزید ریلیف ملناچاہیے تاکہ ان کا کاروبار چلتا رہے اور اسی سے ٹیکسز کی ادائیگی ممکن ہو سکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کی وجہ سے بہت سے تاجر معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور ان کا دیوالیہ نکل گیا ہے ، حکومت سے درخواست ہے کہ مارکیٹوں سے ایسے تاجروں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے اوران کی بغیر سود قرضوں کے ذریعے مالی معاونت کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کا متفقہ مطالبہ ہے کہ مختلف بازاروںاور مارکیٹوں میں پارکنگ پلازے تعمیر کئے جائیں جس سے پارکنگ کے مسائل حل ہونے سے تجاوزات کا بھی خاتمہ ہوگا۔
تبصرے بند ہیں.