بالی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور نے زندگی کی 39 بہاریں دیکھ لیں

بالی ووڈ معروف اداکارہ کرشمہ کپور آج اپنی 39 ویں سالگرہ منارہی ہیں۔ 25 جون 1974 کو آنکھ کھولنےوالی کرشمہ کپور کو بالی وڈ کے شو مین راج کپور کی پوتی رندھیر کپور اور ببیتا کی بیٹی ہونے کی وجہ سے اداکاری ورثے میں ملی لیکن فلمی دنیا میں ان کا سفر آسان نہیں تھا، وہ کپور خاندان کی پہلی بیٹی تھی جو بھر پور مخالفت کے باوجود سلور اسکرین میں جلوہ گر ہوئیں، کرشمہ نے اپنا فلمی سفر 1991 میں فلم “پریم قیدی”سے کیا لیکن انہوں نے کامیابی کا مزہ 1996 میں عامر خان کے ساتھ فلم ’’راجہ ہندوستانی ‘‘ میں چکھا۔ جس کے بعد کرشمہ نے پھر پلٹ کر نہ دیکھا اور دل تو پاگل ہے، فضا، ہم ساتھ ساتھ ہیں اور بیوی نمبرون جیسی سپرہٹ فلموں سے شائقین کے دل جیت لئے۔ کرشمہ کپور نے جہاں فلمی دنیا میں کامیابیاں سمیٹیں وہیں ذاتی زندگی میں ناکامیاں ان کا مقدر بنی، امیتابھ بچن کے بیٹے اور فلم اسٹار ابھیشیک بچن سے بھرپور افئیر چلانے کے بعد منگنی نے اسے آسمانوں پر پہنچا دیا لیکن اس کے خواب اس وقت چکنا چور ہوئے جب یہ منگنی ٹوٹی۔ ابھیشک کےساتھ تعلقات کے خاتمے کے بعد کرشمہ نے 2003 میں نامور صنعت کار سنجے کپور کو اپنا جیون ساتھی چن لیا جن سے ان کا ایک بیٹا اور بیٹی ہے۔ شادی کے ابتدائی دنوں سے ہی ان کی اپنے شوہر سے ان بن ہی رہی اور بالآخر 2010 میں دونوں نے اپنی راہیں جدا جدا کرلیں۔ شوہر سے علیحدگی کے بعد انہوں نے ’’ ڈینجرس عشق ‘‘ کے ذریعے ایک بار پھر بالی وڈ میں قدم رکھا تاہم ان کی دوبارہ انٹری کو شائقین نے سند قبولیت نہیں بخشی۔

تبصرے بند ہیں.