بارسلونا :ڈیپورٹیشن مرکز کے خلاف تارکین وطن کا احتجاج

بارسلونا …….. اسپین کے شہر بارسلونامیں تارکین وطن نے چھاپوں ،بلاوجہ چیکنگ اور گرفتاریوں کے خلاف ڈیپورٹیشن مرکز کے خلاف مظاہر ہ کیااور کہا کہ بارسلونا میں امیگرنٹس کا حراستی مرکز گوانتاناموبے ہے اور اسے فی الفور بند کیا جائے۔کیونکہ ایسے مراکز ترقی کے دعویدار ممالک کے چہرے پر بدنما داغ ہیں اور دنیا میں کوئی انسان بھی غیر قانونی نہیں ہے ۔ مظاہرے کا اہتمام تارکین وطن کے لئے نرم گوشہ رکھنے والی اسپین کی سیاسی جماعت”آئی سی وی” اورنسلی تعصب کیخلاف سرگرم تنظیم “ایس او ایس راس ازمو نے کیا تھا۔بارسلونا کے علاقہ ’’زونا فرانکا ‘‘ میں امیگرا نٹس کیلئے قائم حراستی مرکز کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جن میں اسپین کی مقامی کمیونٹی اور پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن شامل تھے ۔ مظاہرین نے گرفتار اور حراستی مراکز میں وفات پانے والے چار امیگرانٹس سے اظہار یک جہتی کیلئے نعرے بازی کے ساتھ ساتھ گیت بھی گائے۔مظاہرے میں آئی سی وی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور ممبر پارلیمنٹ جوان ہریرا،اراکین اسمبلی جوان مینا،ریکارڈوگوما،سارہ ولا،اسپین کی سیاسی جماعت ’’ اسکریدا ریپبلیکانا‘‘ کی امیگریشن سیکٹر کی انچارج مونسرات اور دیگر نے شرکت کی۔مظاہرین نے حراستی مرکز سے لیکر ڈیڑھ کلو میٹر تک لمبی انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی۔ واضح رہے کہ یورپ کے ممالک کی پولیس نے مل کر غیر قانونی تارکین وطن کی گرفتاریوں اور ان کو ڈیپورٹ کرنے کے لئے آپریشن شروع کر رکھا ہے جس میں اٹھارہ ہزار پولیس میں حصہ لے رہے ہیں ۔

تبصرے بند ہیں.