بارسلونا سواریز کو آٹھ کروڑ پاونڈ میں خریدے گا

اطلاعات کے مطابق بارسلونا سواریز کو چھ کروڑ پاونڈ میں لیورپول سے خریدے گا۔ تاہم لیورپول سواریز کے لیے آٹھ کروڑ پاونڈ کی رقم کی توقع رکھتا ہے۔

بارسلونا (ویب ڈیسک) ہسپانوی کلب بارسلونا نے برطانوی کلب لیورپول سے تعلق رکھنے والے سٹرائیکر لوئس سواریز کو خریدنے کے لیے باضابطہ طور پر بات چیت لندن میں شروع کر دی ہے۔ اس بات چیت میں دونوں کلبوں کے نمائندے 27 سالہ سواریز کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ سواریز کا لیورپول سے معاہدہ ختم ہونے میں ابھی چار سال کا وقت باقی ہے۔ برطانوی کلب لیورپول نے 2011 میں سواریز کو ہالینڈ کے کلب آئیکس سے دو کروڑ پاونڈ میں خریدا تھا۔ یاد رہے کہ یوروگوائے سے تعلق رکھنے والے متنازع لیکن باصلاحیت کھلاڑی سواریز کو گذشتہ ہفتے ورلڈ کپ فٹبال کے میچ میں اطالوی کھلاڑی جورجیو چیلینی کو کاٹنے کی پاداش میں نو میچوں کی پابندی اور چار ماہ تک فٹبال کی کسی بھی سرگرمی سے دور رہنے کی سزا دی گئی ہے۔ مبصرین کے مطابق واقعے کے بعد سواریز کی گرتی ساکھ کو بچانے اور ٹرانسفر کو آسان کرنے کی خاطر ہسپانوی کلب بارسلونا نے ان سے معافی مانگنے پر دباو ڈالا تھا۔ –

تبصرے بند ہیں.