قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارت کے سابق کپتان اور آؤٹ آف فارم ویرات کوہلی کے لیے پیغام جاری کرنے کی وجہ بتائی ہے۔اپنے ایک بیان میں بابر اعظم نے کہا کہ مجھے کھلاڑی کی حیثیت سے پتہ ہے کہ مشکل صورتحال سے کیسے گزرا اور نکلا جاتا ہے، کھلاڑیوں کو ایسے وقت میں سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔قومی کپتان کا کہنا تھا کہ میں نے کوہلی کے لیے اس لیے پیغام دیا کہ کچھ سپورٹ ہو جائے۔بابر نے کہا کہ ویرات کوہلی ایک بہترین کھلاڑی ہے، اس نے بہت کرکٹ کھیلی ہے، ویرات کوہلی کو علم ہے کہ ان چیزوں سے کیسے نکلنا ہے، وقت ضرور لگتا ہے لیکن جتنا سپورٹ کریں گے اتنا اچھا ہے۔سری لنکا کے خلاف سیریز سے متعلق کپتان نے کہا کہ سری لنکا کے حالات کی وجہ سے سیریز کو نقصان نہیں ہوگا، پریکٹس میچ میں بھی ہمیں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔بابر اعظم نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ہم سب منتظر ہیں، سیریز میں اچھا پرفارم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں ہمارا بہت اچھا خیال رکھا جا رہا ہے، سری لنکا کی عوام کرکٹ سے محبت کرتی ہے، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی لوگوں کا بہت جوش دیکھا، امید ہے کہ اس سیریز میں بھی شائقین اسٹیڈیم میں آئیں گے۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے گال کا گراؤنڈ بہت پسند ہے، سیریز کے لیے اچھی تیاری کی ہے، سری لنکا کی ٹیم ہوم کنڈیشنز میں بہت ٹف ٹیم ہوتی ہے، آسٹریلیا کی سیریز پہلے ہونے سے ہمیں اندازہ ہو گیا کہ کیسی کنڈیشنز ہوں گی، ہم کافی عرصے بعد یہاں کھیلنے آئے ہیں لیکن ہمارا ہوم ورک مکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ گال میں پچ سے اسپنرز کو بہت مدد ملتی ہے، سری لنکا کے اسپنرز بہت اچھے ہیں، ہم نے اسی لحاظ سے تیاری کی ہے، یاسر شاہ کا کم بیک ہوا ہے، انہوں نے واپسی کے لیے بہت کام کیا ہے، وہ حریف ٹیم کو ٹف ٹائم دیں گے۔
تبصرے بند ہیں.