اے کرکٹ؛ نیوزی لینڈ کیخلاف کوشل پریرا کی سنچری

پالے کیلی: سری لنکا اورنیوزی لینڈ اے کرکٹ ٹیموں کے مابین چار روزہ میچ ڈرا ہوگیا، پہلی اننگز میں میزبان سائیڈ کے 252 رنز کے جواب میں کیویز نے 299 اسکور کرتے ہوئے 47 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔ دوسری باری میں چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے تک آئی لینڈرز نے 7 وکٹ پر 498 رنز بنائے، کوشل پریرا نے برق رفتار 147 رنز بنائے، ایشان پریانجان اور چترنگا ڈی سلوا نے بھی سنچریاں جڑ دیں، بریسویل نے 3 وکٹیں حاصل کیں، ایڈم میلائن، ٹوڈ ایسل، کولن منیرو، ڈیرن مچل کے حصے میں ایک ایک آئی۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی اے ٹیموں کے مابین پالے کیلی میں کھیلا جانے والا 4 روزہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ مقابلے کے آخری روز میزبان سائیڈ نے اپنی ادھوری دوسری اننگز کا آغاز 3 وکٹ پر 135 رنز سے کیا، کوشل پریرا اور کیتھروان ویتھان ایج نے 145 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے مجموعی اسکور 219 تک پہنچا دیا۔اس موقع پر کیتھروان 70 کے انفرادی سکور پر ایسل کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ کوشل پریرا کا ساتھ دینے کیلیے ایشان پریانجان میدان میں آئے، دونوں نے مل کر اسکور 330 تک پہنچایا، پریرا برق رفتار 147 رنز بنانے کے بعد بریسول کی گیند پر ایسل کو کیچ دے بیٹھے۔ انھوں نے اپنی اننگز کے دوران صرف 139 گیندوں کا استعمال کیا، 3 چھکے اور 17 چوکے بھی شامل تھے۔ ایشان پریانجان 103 رنز بنانے کے بعدمچل کی گیند کو باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر رونچی کے ہاتھوں اسٹمپ ہوئے تو ٹیم کا ٹوٹل 403 تھا، باقی وقت میں کیویز کو صرف ایک وکٹ مزید حاصل ہوسکی، دلروان پریرا نے صرف 2 رنز بنانے کے بعد کولن منرو کی گیند پر ایش سوڈھی کو کیچ کرنے کا موقع فراہم کردیا۔ میزبان ٹیم کا سکور 498 رنز تک پہنچا تھا کہ چوتھے اور آخری روز کے کھیل کا وقت ختم ہوگیا، چترنگا ڈی سلوا 103 رنز پر ناقابل شکست پویلین لوٹے،اس اننگز میں بریسول نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں، ایڈم میلائن، ٹوڈ ایسل، کولن منیرو، ڈیرن مچل کے حصے میں ایک،ایک آئی۔ اس سے قبل سری لنکن ٹیم نے پہلی اننگز میں کوشل سلوا کی سنچری کی مدد سے 252 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ٹیم نے کاچوپا ( 104) اور لیوک رونچی (47) کے ذمہ دارانہ کھیل کی بدولت 298 بناکر 47 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ سری لنکا کی جانب سے دلروان پریرا نے 6 شکار کیے جبکہ چترنگا ڈی سلوا کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں۔

تبصرے بند ہیں.