پشاور:عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو بڑا دھچکا پہنچا ہے، اے این پی سے دیرینہ تعلق رکھنے والے بلور خاندان کی اہم شخصیت مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئی۔ہارون بلور کی بیوہ اور بشیر بلور کی بہو ثمر بلور ن لیگ میں شامل ہوگئیں، ثمر بلور نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ن لیگ میں شمولیت اختیار کی ہے۔ثمر بلور کو مخصوص نشست پر ن لیگ کی جانب سے رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) بنانے پر غور کیا جارہا ہے، اس سے قبل بھی ثمر بلور 2018 سے 2023 تک اے این پی کے ٹکٹ پر ضمنی الیکشن جیت کر ایم پی اے رہ چکی ہیں۔یاد رہے کہ 10 جولائی 2018 کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی انتخابی مہم کے دوران بم دھماکے کے نتیجے میں صوبائی اسمبلی کے امیدوار اور بشیر بلور کے صاحبزادے ہارون بلور سمیت 20 افراد جاں بحق اور 48 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی۔ہارون بلور کے والد بشیر بلور کو بھی دسمبر 2012 میں ایک خود کش حملے میں شہید کیا گیا تھا، بلور خاندان کو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں قائدین کی سطح پر جانوں کا نذرانہ دینے والا خاندان تصور کیا جاتا ہے اور خیبرپختونخوا میں اس خاندان کی سیاسی اقدار بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔
تبصرے بند ہیں.