Latest National, International, Sports & Business News

اے ایف سی ایونٹ؛ پاکستان میں انعقاد کا امکان معدوم

کراچی: مخدوش سیکیورٹی حالات کے باعث پاکستان میں اے ایف سی انڈر16 فٹبال کوالیفائنگ راؤنڈکے انعقاد کا امکان معدوم ہوگیا۔ ایونٹ 23 سے30 ستمبر تک کراچی میں ہونا تھا، باخبر ذرائع نے تصدیق کی کہ اے ایف سی نے آئے روز دہشت گردی کے بعد میچز شہر قائد میں نہ کرانے کا فیصلہ کیا، پروگرام کے تحت کوالیفائنگ راؤنڈ میں میزبان پاکستان، ایران، متحدہ عرب امارات اور سری لنکا کی ٹیموں کو شرکت کرنا تھی، اے ایف سی نے پی ایف ایف سے مہمان ٹیموں کی سیکیورٹی کیلیے تحریری ضمانت طلب کی تھی مگر متعلقہ اداروں کی عدم دلچسپی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر فیڈریشن نے اس سے معذوری ظاہر کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے اے ایف سی کے نمائندے سلمان علی نمشان نے اپنے دورؤ کراچی کے دوران ایونٹ کے مقام پیپلز اسپورٹس اسٹیڈیم اور ٹیموں کی پریکٹس کیلیے مختص کے ایم سی اسٹیڈیم کا تفصیلی معائنہ کیا، انھوں نے ان مقامات کو سیکیورٹی نقطہ نظر سے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے ، سلمان نے اپنی رپورٹ میں میدانوں کی خستہ حالت اور معیاری سہولیات کی عدم دستیابی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا،لیاری کے علاقے میں رمضان المبارک کے دوران فٹبال ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں بم دھماکے اور گزشتہ روز کورنگی کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ٹرک پر حملے نے شہر قائد میں ایونٹ کی امید ختم کر دی۔ اے ایف سی نے مقابلوں کی لاہور منتقلی کا عندیہ دیا تھا تاہم آئی او سی کی تسلیم کردہ پی او اے اور پی ایس بی کے درمیان جاری چپقلش کے باعث حکومت پنجاب کی عدم دلچسپی کے سبب پی ایف ایف کے لیے ایونٹ کے انعقاد میں شدید رکاوٹیں حائل ہیں، فیڈریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 روز میں درست صورتحال سامنے آجائے گی، بصورت دیگر ٹورنامنٹ پاکستان سے ملائیشیا منتقل کر دیا جائے گا۔ قبل ازیں فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات نے شکوہ کیا تھا کہ سندھ کی حکومت سیکیورٹی گارنٹی اور پنجاب حکومت اسٹیڈیم دینے سے گریزاں ہے، دریں اثنا حالات سے بے خبرکمشنر کراچی نے شہر میں ایونٹ کے سلسلے میں اجلاس بھی کر ڈالا۔

تبصرے بند ہیں.