ایکسپو پاکستان، جنوبی وزیرستان کے ہنرمند توجہ کا مرکز بن گئے

ایکسپو پاکستان نمائش میں سائوتھ وزیرستان کے ہنرمندوں کی تیار کردہ فٹ بالز اور قدرتی شہد نے غیرملکی مندوبین اور خریداروں کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے اور مختلف یورپی ملکوں کے خریداروں کی جانب سے سائوتھ وزیرستان کے ہنرمندوں کی تیار کردہ فٹ بالز، کھڈی کے کپٹرے اور شہد کی بڑے پیمانے پر خریداری میں دلچسپی دیکھی جارہی ہے۔ ایکسپو پاکستان نمائش کے ہال نمبر چار میں لگایا گیا جنوبی وزیرستان تعمیر نو کا اسٹال غیرملکی خریداروں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور فوجی آپریشن کے حوالے سے دنیا میں چرچا پانیو الے اس علاقے کے ہنرمندوں کی تیار کردہ فٹ بالز معیار اور فنشنگ میں سیالکوٹ میں تیار کی جانے والی فٹ بالز کی ہم پلہ ہیں جبکہ خالص قدرتی شہد کا معیار اور ذائقہ بھی اپنی مثال آپ ہے اسٹال پر موجود جنوبی وزیرستان کے ہنرمند اپنے روایتی لباس میں ملبوس فٹ بالز کی تیاری کا عملی مظاہرہ کررہے ہیں جبکہ جنوبی وزیرستان کی لوک موسیقی کا بھی مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کے تحت تعمیر نو کے کاموں کے آغاز کے ساتھ ہی مقامی افراد کو ہنرمند بنانے اور انہیں معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے خصوصی پراجیکٹ کے تحت جنوبی وزیرستان کے نوجوانوں کو فٹ بالز تیار کرنے جبکہ خواتین اور پختہ عمر کے افراد کو گھروں میں کھڈی پر کپڑا بنانے کی تربیت دی گئی جس کے ثمرات سے جنوبی وزیرستان کے آئی ڈی پیز پوری طرح فیضیاب ہورہے ہیں اور اس علاقے میں اب معاشی سرگرمیاں تیزی سے فروغ پارہی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.