ایچ بی ایل میں حکومتی حصص کی فروخت کے لئے فلور پرائس کی منظوری

اسلام آباد:کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے حبیب بینک لمیٹڈ میں حکومت پاکستان کے حصص کی فروخت کیلئے 166 روپے فی حصص کی فلور پرائس کی منظوری دیدی۔ کابینہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا جس میں ایچ بی ایل میں حکومت پاکستان کے 50 کروڑ حصص کیلئے آفر فار سیل ڈاکیومنٹ کی منظوری دی۔ ایچ بی ایل شیئر کی پیشکش اہل مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار اداروں و افراد کیلئے بک بلڈنگ طریقہ کار کے تحت کی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں بک بلڈنگ 7 اپریل بروز منگل صبح 9 بجے شروع ہو کر 10 اپریل 2015ء بروز جمعہ کو شام پانچ بجے مکمل ہو گی۔ نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ نجکاری کمیشن کے بورڈ نے اپنے اجلاس میں ایچ بی ایل کے حصص کی قیمت کے تعین، سرمایہ کاروں کی جانب سے قیمتوں کی مختلف سطحوں کے مطالبہ اور مالیاتی مشیروں کے پیش کردہ مختلف عوامل کا جائزہ لیا جس کی روشنی میں ایچ بی ایل نے حکومت پاکستان کے حصص کی قیمت کیلئے سفارشات تیار کیں۔ نجکاری کمیشن بورڈ اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس بک بلڈنگ طریقہ کار کے حتمی نتائج پر مبنی سٹرائیک پرائس کی منظوری دینے کیلئے 11 اپریل بروز ہفتہ کو منعقد ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.