ایچ بی ایل :حکومت نے فی شیئر 168 روپےمیں بیچنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد ……حکومت نے حبیب بینک میں اپنے سرکاری حصص 168 روپے فی شیئر کے حساب سے بیچنے کی منظوری دیدی ہے۔ سودے سے قومی خزانے کو 102 ارب روپے سے زائد ملیں گے۔اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں حبیب بینک کے سرکاری حصص 168 روپے فی شیئر کے حساب سے بیچنے کی منظوری دیدی گئی۔ حکومت نے حبیب بنک کے 42 فی صد سرکاری حصص فروخت کرنے کیلئے بولیاں طلب کی تھیں۔وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر نے کہا کہ ایچ بی ایل کے فروخت ہونے والے 42 فیصد سرکاری حصص کا حجم 60 کروڑ شیئرز بنتا ہے۔کابینہ کی نجکاری پر بریفنگ میں وزیر مملکت نے بتایا کہ حصص کی فروخت سے 76 کروڑ ڈالر غیر ملکی سرمایہ کاروں سے حاصل ہونگے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ مقامی سرمایہ کاروں سے 26 ارب روپے کی سرمایہ کاری حاصل ہوگی اور ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ارب 60 کروڑ ڈالر سے زائد کی پیش کش موصول ہوئی۔ محمد زبیر، وزیر مملکت برائے نج کاری تاریخ میں پہلی مرتبہ ہمیں 1اعشاریہ6 بلین ڈالر کی ایکوٹی آفر ہوئی ہے۔ یہ سب سے بڑی آفر ہے بلکہ پورے ایشیا میں سب سے بڑی آفر ہے۔ اس سے پہلے ہمیں پی پی ایل میں 31 ارب روپے کی آفر ہوئی تھی۔وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر نے کہا کہ حبیب بنک کے 60 کروڑ 90 ہزارحصص کی فروخت میں تمام قانونی نکات کو مد نظر رکھا گیا ہے۔ حصص کی فروخت مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے قوانین کے مطابق کی گئی ہے۔ حبیب بنک کے حصص ایسے وقت میں فروخت کیے گئے جب اسٹاک مارکیٹ میں دباؤ تھا اور پھر بھی بہتر قیمت ملی۔

تبصرے بند ہیں.