Latest National, International, Sports & Business News

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے نیتن یاہو اور ٹرمپ کو انسانی حقوق کا شکاری قرار دے دیا

لندن: بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اسرائیل، روس اور امریکا عالمی انسانی حقوق کی تباہی میں پیش پیش ہیں۔عالمی انسانی حقوق کی صورتحال پر جاری سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ایسا عالمی ماحول، جہاں وحشیانہ رویے پنپ سکیں، طویل عرصے سے تشکیل پا رہا تھا، دنیا میں سفارت کاری کی جگہ جنگ لے رہی ہے۔ایمنسٹی کی سیکرٹری جنرل ایگنس کالا مارڈ نے کہا کہ زیادہ تر حکومتیں عالمی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کے بجائے مفاہمت یا خاموشی اختیار کر رہی ہیں، بعض ممالک نے جارحانہ پالیسیوں کی نقل بھی شروع کر دی ہے، شہریوں کے قتل کو معمول بنایا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق 2025 میں بین الاقوامی نظام سے واضح انحراف دیکھنے میں آیا، وہ نظام جو ہولوکاسٹ اور عالمی جنگوں کی تباہ کاریوں کے بعد تشکیل دیا گیا تھا اور جسے گزشتہ 80 برسوں میں بتدریج اور مشکل سے تعمیر کیا گیا تھا۔ایگنس نے سلامتی کونسل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ویٹو پاور کا غلط استعمال نظام کو مفلوج بنا رہا ہے، انسانی جانوں کی قدر کم ہو رہی ہے، اس نظام کو حالیہ برسوں میں شدید دھچکا لگا ہے جس سے عالمی سطح پر انسانی حقوق کی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سالانہ رپورٹ میں نیتن یاہو، ٹرمپ اور پیوٹن کو شکاری قرار دے دیتے ہوئے کہا گیا کہ تینوں رہنما معاشی اور سیاسی غلبہ حاصل کرنے کے درپے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.