ایلون مسک انسان نما روبوٹس کی فوج پیش کرنے کیلئے تیار

امریکی کمپنی ہزاروں ٹیسلا بوٹ یا آپٹیمس نامی روبوٹس کو اپنی فیکٹریوں اور دیگر جگہوں پر تعینات کرنے کی خواہشمند ہے۔

ٹیسلا کی ویب سائٹ پر ملازمتوں کے سیکشن سے عندیہ ملتا ہے کہ کمپنی ان روبوٹس کو مختلف کاموں کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔

ٹیسلا کی جانب سے روبوٹ کے پروٹوٹائپ ماڈل کو 30 ستمبر کو متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

اس روبوٹ ماڈل کی پہلی جھلک اگست 2021 میں کمپنی کے اے آئی ڈے کے موقع پر پیش کی گئی تھی۔

اس ایونٹ کے موقع پر ایلون مسک نے کہا تھا کہ روبوٹس کو گھروں میں دوست کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ‘ٹیسلا دنیا کی سب سے بڑی روبوٹیکس کمپنی ہے کیونکہ ہماری گاڑیاں بھی روبوٹس جیسی ہیں’۔

ٹیسلا کی ویب سائٹ میں اس نئے روبوٹ کے بارے میں لکھا ہے کہ وہ اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا جبکہ مشکل اور لوگوں کے لیے بیزار کن کام کرسکے گا۔

جنوری 2022 میں ایلون مسک نے کہاتھا کہ انسان نما روبوٹس کو ٹیسلا پلانٹس میں استعمال کیا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ گاڑیوں کی بجائے روبوٹس ٹیسلا کے لیے زیادہ اہمیت اختیار کرجائیں گے اور یہ افرادی قوت کی کمی کا حل بھی ثابت ہوسکیں گے۔

ٹیسلا کی جانب سے ابھی بھی گاڑیوں کی پروڈکشن کے دوران روبوٹس کو استعمال کیا جارہا ہے مگر وہ ٹیسلا بوٹ جتنے جدید نہیں۔

تبصرے بند ہیں.