ایف بی آر ہر سال ریٹرن فارم میں تبدیلی سے گریز کرے، کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عوام کو پریشانی سے نجات دلانے کیلئے ایف بی آر ہر سال ریٹرن فارم تبدیل کرنے کا رجحان تبدیل کرے کیونکہ ٹیکس دہندگان کی پریشانی میں اضافہ ہوتا ہے، کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر وسیم الدین ہاشمی نے ’’جنگ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر پرانے ریٹرن میں ہی کچھ تبدیلی کرلی جاتی تو کئی مسائل حل ہوجاتے، ہر سال ریٹرن فارم بدلنے سے ٹیکس وکلا اور انکم ٹیکس کمشنرز کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وسیم الدین ہاشمی نے کہا کہ ایف بی آر نے سالانہ ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں تو ہمارے مطالبے پر ایک ماہ کی توسیع کردی ہے مگر ودہولڈنگ ایجنٹ کے سالانہ 149کے اسٹیٹمنٹ کی تاریخ میں توسیع نہیں کی گئی۔ 149کے اسٹیٹمنٹ جمع کرانے کی تاریخ میں بھی فوری توسیع کی جائے۔ اسی طرح سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ 27اگست تھی تاہم ریٹرن فارم کا مسئلہ 25اگست کو حل ہوا۔ اس طرح صرف ٹیکس بار کو صرف 2 روز ملے۔ ہماری درخواست ہے کہ جو لوگ سیلز ٹیکس کا ٹیکس جمع کراچکے ہیں لیکن حالات کی وجہ سے ریٹرن جمع نہیں کراسکے ان کیلئے ریٹرن کی تاریخ چند روز کیلئے بڑھادی جائے۔وسیم ہاشمی کا کہنا تھا کہ ویلتھ ٹیکس ریٹرن میں بے شمار تفصیلات طلب کی گئی ہیں جو کہ ایک پیچیدہ عمل ہے۔ زرعی زمین کی تفصیلات گاڑیوں کے چیسز اور انجن نمبر وغیرہ غیرضروری ہیں۔ اس ریٹرن فارم کو اور آسان بنایا جائے۔ڈبل انفارمیشن جمع کرانے کی شرائط سے ٹیکس دہندگان کو مشکلات کا سامنا ہے۔ وسیم ہاشمی کا سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے سلسلے میں کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیلئے کم از کم مدت ڈیڑھ ماہ ہے اسے آسان بنایا جانا ضروری ہے جو رجسٹریشن کرانا چاہتے ہیں ان کی مشکلات کم سے کم کی جائیں۔

تبصرے بند ہیں.