اسٹاک مارکیٹ:مندی کا تسلسل برقرار،37 پوائنٹس کی کمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیاسی عدم استحکام کے باعث کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا تسلسل جاری ہے اور جمعرات کو بھی کے ایس ای 100 انڈیکس 36.92 پوائنٹس کی کمی سے 27774.43پوائنٹس پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتہ کے چوتھے روز جمعرات کو کراچی اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی خرید و فروخت میں مندی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 36.92 پوائنٹس کی کمی سے 27774.43 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی99.62 پوائنٹس کی مندی سے 19265.48 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں53.33 پوائنٹس کا اضافہ رونما ہوا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 138.41 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔ مزیدبرآں بینکس ٹریڈ ایبل انڈیکس138.41 پوائنٹس کی کمی سے 16262.92 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل انڈیکس 56.22پوائنٹس اضافے سے 21787.03 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر319 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 132 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 162 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں مندی اور25 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ تیزی نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت230.82 روپے کے اضافہ سے7730.80 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح ویتھ پاک کے حصص کی سودے بھی160.00 روپے کی تیزی سے3360.11 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی رفحان میظ اورصنوفائی ایونٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ رفحان میظ کے حصص کی قیمت 199.00 روپے کی مندی سے 10501.00 روپے اورصنوفائی ایونٹس کے حصص کی قیمت بھی 36.50 روپے کی کمی سے 693.50 روپے رہ گئی۔ سب سے زیادہ کاروبارمیپل لیف سیمنٹ کے حصص میں ہوا جو97 لاکھ 63 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 25.54روپے سے شروع ہو کر25.47 روپے پر بند ہوئی۔ مجموعی طور پر11 کروڑ54 لاکھ 61 ہزار 540 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 17 ارب20 کروڑ86 لاکھ 31 ہزار 75 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل65 کھرب 35 ارب82 کروڑ58 لاکھ 35 ہزار 827 روپے سے بڑھ کر 65 کھرب 53 ارب 3 کروڑ44 لاکھ 66 ہزار902 روپے ہوگیا۔

تبصرے بند ہیں.