ایپوہ: ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان کے حوصلے بلند ہو گئے، ٹیم نے پریکٹس میچ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 6 گول سے زیر کیا۔ عبدالحسیم خان، وقاص شریف، شفقت رسول، راشد احمد، توفیق اور فرید احمد نے ایک، ایک بار گیند کو جال میں پہنچایا۔ ایونٹ کا آغاز ہفتے کو ہونا ہے، گرین شرٹس جاپان کے خلاف میچ سے ورلڈ کپ میں رسائی ممکن بنانے کی مہم کا آغاز کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم نے ایشیاکپ سے قبل بدھ کو کھیلے گئے پہلے پریکٹس میچ میں میانمار کو 12-0سے ہرایا تھا،گذشتہ روز دوسرے مقابلے میں بنگلہ دیش کو 6 گول کے بڑے مارجن سے شکست دیدی، سابق پاکستانی اولمپئن نوید عالم کی کوچنگ میں کھیلنے والی ٹیم کے خلاف بھی فارورڈز نے جارحانہ انداز اپنایا، ابتدا میں ہی گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملوں کے نتیجے میں حسیم خان نے پاکستان کو برتری دلائی جسے بعدازاں وقاص شریف نے دگنا کردیا۔پہلے ہاف کے آخری لمحات میں شفقت رسول نے گول داغتے ہوئے مقابلہ3-0 کیا، وقفے کے بعد بھی بنگلہ دیش کے ناتجربہ کارکھلاڑی گرین شرٹس کا جم کر مقابلہ نہ کرسکے، چوتھا گول راشد احمد نے کیا، بعدازاںفرید احمد نے اسکور 5-0 کردیا، توثیق احمد نے پنالٹی کارنر کو کار آمد بناکر گیندکو جال میں پہنچایا، پہلے مقابلے کی طرح دوسرے میچ میں بھی پاکستانی گول کیپر سلمان احمد اور عمران بٹ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ یاد رہے کہ ایشیا کپ میں فتح پاکستان ٹیم کے لیے انتہائی ضروری ہے، ٹائٹل اپنے نام نہ کیا تو ہاکی کی تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ گرین شرٹس کے بغیر کھیلا جائے گا۔ایونٹ کا آغاز ہفتے سے ہورہا ہے، پاکستانی ٹیم افتتاحی روز جاپان کے خلاف اہم اور دشوار مہم کا آغاز کریگی۔ 25 اگست کو گرین شرٹس کو میزبان ملائیشیا سے مقابلہ کرنا ہے، گروپ کا آخری مقابلہ27 اگست کو چائنیز تائپے ٹیم کیخلاف شیڈول ہے۔
تبصرے بند ہیں.