Latest National, International, Sports & Business News

اگر حملے بڑھے تو پورا خطہ اندھیرے میں ڈوب جائے گا: ایران کی امریکا کو سخت دھمکی

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے توانائی کے نظام پر حملہ کیا گیا تو پورا مشرقِ وسطیٰ شدید نتائج کا سامنا کرے گا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے علی لاریجانی نے لکھا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کی بجلی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا تو آدھے گھنٹے کے اندر پورا خطہ اندھیرے میں ڈوب سکتا ہے اور اس صورتحال میں امریکی فوجیوں کے لیے خطے میں محفوظ رہنا مشکل ہو جائے گا۔اُنہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جنگ شروع کرنا آسان ہوتا ہے مگر صرف چند ٹوئٹس سے جنگ نہیں جیتی جا سکتی، ایران اس ’سنگین غلطی‘ پر امریکا کو پچھتانے پر مجبور کر دے گا۔واضح رہے کہ علی لاریجانی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران کی بڑی حد تک فوجی صلاحیت کو ختم کر دیا ہے، اگر واشنگٹن چاہے تو ایک گھنٹے کے اندر ایران کے بجلی کے نظام کو تباہ کیا جا سکتا ہے اور اسے دوبارہ بحال ہونے میں 25 سال لگ سکتے ہیں۔امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹ کام کے مطابق گزشتہ 12 دنوں میں ایران میں تقریباً 6 ہزار اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، کارروائیوں میں ایران کے 90 سے زائد بحری جہاز تباہ یا شدید نقصان کا شکار ہوئے جن میں 60 سے زیادہ جہاز شامل ہیں۔ادھر ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پہلے بیان میں قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے دشمنوں پر دباؤ ڈالنے کے لیے بند رکھی جائے گی۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس اہم بحری گزرگاہ سے تیل کا ایک قطرہ بھی گزرنے نہیں دیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.