اسلام آ باد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اکنامک کوریڈور کے ساتھ ساتھ اکنامک زون کا قیام پاکستان اور چین دونوں کے مفاد میں ہے اور پاکستان چین کی طرف سے اکنامک کوریڈور کے ساتھ ساتھ اکنامک زون قائم کرنے کے آئیڈیا کی تائید کرتا ہے۔ وہ پاکستان میں تعینات چین کے سفیر سن ویڈونگ کی سربراہی میں ملاقات کے لیے آئے ہوئے چینی وفد سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر وزارت خزانہ کے دیگر سینئر افسران کے علاوہ پاکستان میں قائم چین کے سفارتخانے کے حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے حکومت چین کی طرف سے پاکستان کے لیے 6 فیصد ضروری انشورنس معاف کرنے پر شکریہ ادا کیا جبکہ چین نے اکنامک کوریڈور کے ساتھ ساتھ اکنامک زون قائم کرنے کا آئیڈیا دیا ہے جس پر وزیر خزانہ نے چین کی طرف سے اکنامک کوریڈور کے ساتھ ساتھ اکنامک زون قائم کرنے کے آئیڈیا کی تائید کی اور کہا کہ اکنامک کوریڈور کے ساتھ اکنامک زون کا قیام دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔اس موقع پر چینی سفیر نے وفاقی وزیر خزانہ کو یورو ایشیا فورم میں شرکت کی دعوت دی جسے اسحاق ڈار نے قبول کرلیا، مذکورہ فورم رواں سال ستمبر میں منعقدہوگا اور اس فورم کی میزبانی چین کرے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چینی وفد کو بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف اکنامک کوریڈرو منصوبے کے حوالے سے پہلے ہی اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرچکے ہیں جس میں اس منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ چین انفرااسٹرکچر اور توانائی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے اور اس شعبے میں چین کی طرف سے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو پنجاب حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ اکنامک کوریڈور کے ساتھ ساتھ اکنامک زونز کے قیام سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے بلکہ اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہو گا جو دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔
تبصرے بند ہیں.