اپنی معصومیت ثابت کرنے کے لئے جو ہو سکا کروں گا : کرس کینز

نیوزی لینڈ کے سابق آل راونڈر کرس کینز نے کہا ہے کہ انھیں معلوم ہے کہ برطانوی پولیس ان کے خلاف جھوٹا بیان حلفی دینے پر مقدمہ چلانے کا ارادہ رکھتی ہے لیکن وہ اپنے خلاف الزامات کا دفاع کریں گے۔ 

لندن (نیٹ نیوز) لندن میٹرو پولیس کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا تھا کہ کرس کینز کے خلاف جھوٹا بیانِ حلفی دینے پر کارروائی ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ انڈین پریمئر لیگ کے اس وقت کے سربراہ للت مودی نے 2012 میں کرس کینز پر جھوٹا بیانِ حلفی دینے کا الزام عائد کیا تھا تاہم کرس کینز نے للت مودی کے خلاف لندن کی ہائی کورٹ میں دعویٰ کر کے یہ مقدمہ جیت لیا تھا۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق کینز کا کہنا ہے کہ وہ اپنی معصومیت ثابت کرنے کے لیے جو بھی ہو سکا کریں گے۔ میچ فکسنگ کے الزامات بے سروپا ، بھونڈے اور خوفزدہ کرنے والے ہیں۔ دوسری جانب کراون پراسیکیوشن سروس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ ہم نے پولیس کو کرس کینز کے خلاف جھوٹا بیانِ حلفی دینے پر مقدمہ درج کرنے کو کہا ہے۔ ادھر کرس کینز نے جمعے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ انھیں کراون پراسیکیوشن سروس کی جانب سے مطلع کیا گیا ہے کہ جھوٹا بیانِ حلفی دینے پر ان کے خلاف 25 ستمبر کو کارروائی کی جا سکتی ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.