اٹلی پھر کساد بازاری کا شکار ، اعداد و شمار ابتر ہو گئے

اٹلی کے سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ ملک کی معیشت مسلسل دو سہ ماہیوں میں سکڑنے کے بعد ایک با پھر کساد بازاری کا شکار ہو گئی ہے۔ جی ڈی پی کی قدر سال کی دوسرے سہ ماہی میں 0.2 فیصد سکڑ گئی ہے جبکہ پہلی سہ ماہی میں یہ 0.1 فیصد تھی۔

روم (ویب ڈیسک) عالمی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال کے آخر میں ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ ملک کساد بازاری سے نکل رہا ہے کیونکہ آخری تین مہینوں میں اس کی معیشت میں معمولی بہتری آئی تھی۔ لیکن اس وقت کے بعد سے اٹلی کے معاشی اعداد و شمار ابتر ہو رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اٹلی کی حکومت بہت مقروض ہے اس اسے معاشی ترقی کی ضرورت ہے۔ ترقی کی سست رفتاری بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ بینک آف اٹلی نے پچھلے ماہ کہا تھا کہ 2007 میں عالمی معاشی بحران شروع ہونے کے بعد سے ملک کی معیشت نو فیصد سکڑی ہے۔ جی ڈی پی میں حالیہ غیر متوقع سکڑاو فروری میں بننے والے وزیرِاعظم میتو رنزی کے لیے دھچکا ہے کیونکہ اقتدار میں آتے وقت انھوں نے اصلاحات اور معیشت کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا تھا۔حکومت نے 2014 کے لیے 0.8 فیصد معاشی ترقی اور جی ڈی پی میں 2.6 فیصد خسارے کی پیش گوئی کی تھی۔ لیکن یہ اندازے لگائے جائے رہے ہیں کہ معیشت کی بہتری کے بغیر حکومت کو یورپین یونین کے معیار کے مطابق خسارے کو تین فیصد سے کم رکھنے کے لیے ایک اور بجٹ کی ضرورت ہو گی۔

تبصرے بند ہیں.