آپریشن سےکیمیکل، پلاسٹک دانے اور ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ میں کمی

کراچی : ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کراچی نے اسمگلنگ کے خلاف بھر پور اور کامیاب کارروائیوں پراینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن( اے ایس او )کی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بہترین کارکردگی پر ٹیم کے ارکان کو نقد انعام اور توصیفی اسناد دی جائیں گی۔ اے ایس او ٹیم کے انچارج حاجی اسلم کےمطابق کسٹمز انٹیلی جنس کی ٹیم نے گذشتہ تین روز میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے اسمگل کیا جانے والا 30 لاکھ روپے کا فوڈ سپلیمنٹ ضبط کیا ہے جوکہ گرین ٹاؤن میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ اے ایس او کی اسی ٹیم نے ماڑی پور سے10 لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ کپڑا بھی ضبط کیا ہے جو کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے اسمگل کیا گیا تھا اور اسے پنجاب بھیجا جا رہا تھا انھوں نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اسمگلنگ کے خلاف آپریشن کی وجہ سے کیمیکل ،پلاسٹک دانے اور ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ میں خاطر خواہ کمی واقع ہو چکی ہےاسمگلرز نے کراچی کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے ہماری مہم سے ایک سال میں حکومتی خزانے کے ریونیو میں اربوں روپے کا اضافہ ہو اہے ۔ہماری ٹیم کے اراکان محمد الیاس ،اکمل ہاشمی، عاطف شجاع اور منور علی کو ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کراچی نے اسی کارکردگی کی بنیاد پر توصیفی اسناددینے کا اعلان کیا ہے انھوں نے بتایا کہ اے ایس او کی ٹیم کے نگران اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلیم اللہ ہیں جن کی رہنمائی میں اسمگلنگ کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

تبصرے بند ہیں.