آسٹریلوی بیٹر کی بے ایمانی پر جوز بٹلر نے اپیل نہ کرنے کی وجہ بتا دی

'اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی ایسی صورتحال پیش آئی تو کیا وہ تب بھی اپیل نہیں کریں گے؟ انگلش کپتان سے سوال

میچ کے 17ویں اوور میں انگلش بولر مارک ووڈ کی گیند کا سامنا میتھیو ویڈ نے کیا،  ویڈ کے بلے سے لگ کر گیند ہوا میں بلند ہوگئی جسے کیچ کرنے کے لیے مارک ووڈ آگے بڑھے لیکن ویڈ نے انہیں ہاتھ سے روک دیا تھا۔

انگلش کپتان کپتان جوز بٹلر نے بظاہر  اپیل کرنے کے لیے ہاتھ اٹھائے مگر اپیل نہیں کی اور اس وجہ سے  میتھو ویڈ آؤٹ ہونے سے بچ گئے۔

بعدازاں جوز بٹلر سے پوسٹ میچ پریس کانفرنس کے دوران سوال کیا گیا کہ ‘اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی ایسی صورتحال پیش آئی تو کیا وہ تب بھی اپیل نہیں کریں گے؟’

جواب میں بٹلر نے  بتایا کہ ‘مجھ سے ٹیم نے پوچھا کہ اپیل کریں جس پر میں نے انکار کردیا کیونکہ مجھے علم ہی نہیں تھا کہ اصل معاملہ ہوا کیا ہے، میں بال کو مسلسل دیکھ رہا تھا اس لیے نیچے گراؤنڈ پر کیا ہورہا ہے، میرا دھیان ہی نہیں گیا’۔

انہوں نے کہا ‘اسی لیے مجھے معلوم ہی نہیں تھا کہ ہم اپیل کس کے لیے کرتے؟ شاید مجھے کھلاڑیوں سے اسی وقت اس بارے میں پوچھنا چاہیے تھا’۔

جوز بٹلر نے مزید کہا کہ ‘یہ ہمارا آسٹریلیا سے سیریز کا پہلا میچ تھا، میں نے اسی لیے زیادہ دھیان نہیں دیا اور سوچا میچ کو جاری رکھنا چاہیے’۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے تین میچز کی سیریز میں پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو 8 رنز سے شکست دی تھی۔

تبصرے بند ہیں.