آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ ٹورنامنٹ 25 اکتوبر سے شروع ہو گا

ٹورنامنٹ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے کھلاڑی حصہ لے رہے

اسلام آباد (سپو ر ٹس ڈیسک) پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ ٹورنامنٹ آئندہ ماہ 25 اکتوبر لیڑر سٹی باؤلنگ کلب جناح پارک راولپنڈی میں شروع ہو گا۔ گذشتہ روز پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے کھلاڑی حصہ لے رہے۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں نو مختلف کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز اینڈ ڈبلز، لیڈیز سنگلز اور ڈبلز، ایمچور، انڈر 12، انڈر 14، انڈر 16 اور میڈیا کیٹگریز کے مقابلے شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ فائنل مقابلے 30 اکتوبر کو ہونگے اور ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث کھیلوں اور کھلاڑیوں کا بہت نقصان ہوا ہے اور اس کمی کو پورا کرنے کے لئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے.انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی دل لگا کر محنت کریں تو اس کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ اعجاز الرحمن نے کہاکہ آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن آئندہ ماہ اکتوبر کے پہلے ہفتے کھول دی جائے گی اور ٹورنامنٹ میں شرکت کی خواہش رکھنے والے ملک بھر سے کھلاڑی اپنی اپنی رجسٹریشن آن لائن کروا سکیں گے اور مزید معلومات کے لئے پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد حسین چٹھہ سے رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.