او آئی سی کا تحریک آزادی کشمیر کی حمایت جاری رکھنے کے عزم

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ایاد امین مدنی کا کہنا ہے کہ تنازع کشمیر کا مسلسل حل طلب رہنا بھارت، پاکستان اور کشمیریوں کے مفاد میں نہیں ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کشمیریوں کے نصب العین اجاگر کرنے کیلئے اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

جدہ: (ویب ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ایاد امین مدنی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ او آئی سی کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے جدہ میں تنظیم کے ہیڈ کوارٹرز پر منعقدہ ایک تصویری نمائش کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کشمیر کا مسلسل حل طلب رہنا بھارت، پاکستان اور کشمیریوں کے مفاد میں نہیں ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کشمیریوں کے نصب العین اجاگر کرنے کیلئے اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم نے ہمیشہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل کے ذریعے تنازع کشمیر کے ایک پُرامن حل پر زور دیا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ او آئی سی نے کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حوالے سے ہمیشہ ان کی مکمل حمایت کی ہے۔ ایاد امین نے کہا کہ تنازع کشمیر دنیا کے سب سے پرانے تنازعات میں سے ایک ہے جس کی وجہ سے اب تک لاکھوں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور یہ جنوبی ایشیاء کے امن و سلامتی کے لئے مسلسل خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم اس بات کی خواہاں ہے کہ بھارت اور پاکستان تنازع کشمیر کا بامعنی مذاکراتی عمل کے ذریعے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نکالیں۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ کنٹرول لائن پر پیش آنے والی حالیہ کشیدگی سے اس بات کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے کہ بھارت اور پاکستان تنازع کشمیر کے حل کیلئے موثر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ تنازع کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے اور اسلامی تعاون تنظیم نے کشمیریوں کی حالت زار کی طرف بھر پور توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.