اوول میں بہترریکارڈ پاکستان کا حوصلہ بڑھانے لگا

لندن:  اوول میں بہترریکارڈ پاکستانی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے لگا، اسپن معاون کنڈیشنز میں 2 سلو بولرز کھلائے جاسکتے ہیں، یاسر شاہ کو بھی سیریز کا اختتام بہتر کارکردگی پر کرنے کا موقع میسر آگیا، دوسری جانب انگلینڈ نے بھی ایک ساتھ دو اسپنرز میدان میں اتارنے پر غور شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لندن کا اوول گراؤنڈ پاکستان کیلیے اب تک قدرے خوش قسمتی کا باعث ثابت ہوا ہے، ٹیم نے یہاں اب تک مجموعی طور پر 9 ٹیسٹ کھیلے، ان میں سے 4 میں فتح اور 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ2 میچزڈرا ہوئے۔ اب اسی وینیو پر دونوں ٹیمیں جمعرات سے چوتھے اور آخری ٹیسٹ کیلیے ایک دوسرے کے خلاف نبردآزما ہورہی ہیں،  پاکستان کو 1-2 کے خسارے کا سامنا اور سیریز بچانے کیلیے ہر صورت یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔ وکٹ کو اسپنرز کیلیے موزوں قرار دیا جارہا ہے، یہاں پر پاکستان کی جانب سے ایک ساتھ دو اسپنرز میدان میں اتارے جانے پر غور کیا جاسکتا ہے، یاسر شاہ کے پاس بھی ٹیسٹ سیریز کا اختتام بہتر کارکردگی پر کرنے کا اہم موقع ہے۔

تبصرے بند ہیں.