اولمپکس ہاکی؛ گولڈ میڈل کیلیے جنگ 6 اگست کو چھڑے گی

ریوڈی جنیرو: اولمپکس ہاکی میںگولڈ میڈل کیلیے جنگ 6اگست کو چھڑے گی، مینز اور ویمنز پولز کا اعلان کردیا گیا، بھارتی مینز ٹیم کو پول بی میں جرمنی کے ساتھ جگہ ملی، پہلا میچ نیدرلینڈز اور ارجنٹائن کے درمیان ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اولمپکس ہاکی ایونٹ کے لیے بھارتی ٹیم کو پول بی میں جرمنی کے ساتھ جگہ دی گئی ہے،گولڈ میڈل کیلیے جنگ کا آغاز 6اگست کو نیدرلینڈز اور ارجنٹائن کے میچ سے ہوگا،اسی دن بھارت اور آئرلینڈ کی ٹیمیں بھی صف آرا ہونگی، خواتین ایونٹ کا آغاز بھی 6اگست سے ہی ہوگا جس کے پہلے مقابلے میں عالمی چیمپئن ارجنٹائن کی ٹیم امریکاکی صلاحیتوں کا امتحان لے گی، مردوں کے پول اسٹیج مقابلوں میں نیدرلینڈز اور جرمنی کے درمیان بھی زوردار مقابلہ دیکھنے میں آئے گا،12اگست کو شیڈول یہ مقابلہ2012لندن اولمپکس کے فائنل کی یاد بھی تازہ کرنے کا باعث بنے گا، جب دونوں بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں اور جرمنی نے میدان مار لیا تھا، ڈچ ٹیم نے جرمن سائیڈ سے حساب بے باق کرتے ہوئے پچھلے سال 2015کے یورپیئن چیمپئن شپ فائنل میں6-1کی تباہ کن شکست سے دوچارکیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.