انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ، پاکستان فائنل میں پہنچ گیا

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے برطانیہ کو 3 وکٹوں شکست دیدی۔ پاکستان نے 205 رنز کا ٹارگٹ 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا.

دبئی: () پاکستانی ٹیم اپنی اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہو گئی تھی۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے ابتدائی بلے بازوں میں کپتان سمیع اسلم، امام الحق، حسن رضا اور کامران غلام شامل تھے۔ 57 کے سکور پر چار وکٹیں گرنے کے بعد سعود شکیل اور امیر حمزہ نے 50 رنز سے زیادہ کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔ اس شراکت کا خاتمہ سائر نے امیر حمزہ کو آؤٹ کر کے کیا۔ سعود شکیل نے 45 رنز کی اننگز کھیلی اور انھیں فشر نے وکٹوں کے پیچھے کیچ کروایا جبکہ سیف اللہ خان کوئی رن نہ بنا سکے۔ ظفر گوہر اور عماد بٹ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو فتح دلوائی۔ انگلینڈ کی جانب سے فشر، آر جے سائر اور جونز نے دو، دو جبکہ ڈبلیو ایم ایچ روڈز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے ٹیٹر سال اور فنچ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ دونوں اوپنر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد رائن ہگنز اور ول روڈز عمدہ بلے بازی کی اور ٹیم کو ایک بہتر سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔ ان دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔ روڈز نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 76 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ اس کے علاوہ رائن ہگنز نے تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ضیاالحق، ظفر گوہر کرامت علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں پاکستان نے سری لنکا جبکہ انگلینڈ نے دفاعی چیمپیئن بھارت کو شکست دی تھی۔

تبصرے بند ہیں.