انٹرنیشنل کرکٹ میں کوچنگ کی ضرورت نہیں، میانداد

لاہور: سابق کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کوچنگ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر کوچنگ سے اسٹار کرکٹرز بنتے تو میرے پانچوں بچے بھی میرے جیسے بڑے کھلاڑی بنتے، دوسری طرف غیر ملکی کوچ ڈیو واٹمور جاوید میانداد کی اس رائے سے اتفاق نہیں کرتے، ان کا کہنا ہے کے ماڈرن کرکٹ میں ٹیم کو بیٹنگ سمیت ہر شعبے میں کوچ کی ضرورت ہوتی ہے،گرین شرٹس کو فیلڈنگ اور بولنگ کوچز کی طرح بیٹنگ کوچ کی بھی خدمات حاصل ہونی چاہیے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصہ سے قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی بالخصوص بلے بازوں کا جلد بازی میں وکٹیں گنوانا ان دنوں کرکٹ ماہرین کا موضوع بحث بنا ہوا ہے۔گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن کا قبلہ درست کرنے کیلیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھاری معاوضے پر غیر ملکی کوچ ٹرینٹ وڈ ہل کی خدمات حاصل کیں لیکن ماضی قریب کی طرح میگا ایونٹ میں بھی پاکستانی بلے باز حریف ٹیموں کیلیے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ماضی کے عظیم بلے باز جاوید میانداد سے جب قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اچھے پلیئرز اپنے کوچ خود ہوتے ہیں،اگر کسی کھلاڑی کے مسائل ہیں تو اس کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بغیر کوچنگ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی اتنی تعداد موجود تھی کہ انہیں آگے آنے کا موقع نہیں ملتا تھا، ہو سکتا ہے کہ اس دور میں ہم سے بھی بہتر کھلاڑی ہوں لیکن مقابلے کے رجحان کی وجہ سے بہت سے کرکٹرز کو آگے آنے کا موقع ملتا تھا، کوچز کے حامیوں سے میرا سوال ہے کہ کیا انہیں کوچز نے سکھایا تھا، اچھا کرکٹرز پیدائشی ہوتا ہے جس کی بعد میں گرومنگ کی جا سکتی ہے۔ جاوید میانداد نے کہا کہ اگر اچھے کھلاڑی کوچز پیدا کرتے تو میرے پانچ بچے بھی میری طرح عظیم کرکٹر ہوتے۔انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹرز کی تاریخ میں ایک بھی ایسی مثال بتا دیںجس کے بچے بھی اپنے باپ کی طرح عظیم کرکٹر بنے ہوں۔ دوسری جانب چیف کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ ماڈرن کرکٹ میں تمام شعبوں میں کوچز کی ضرورت ہوتی ہے، قومی کرکٹ ٹیم کو فیلڈنگ اور بولنگ کوچز کی طرح بیٹنگ کوچ کی بھی خدمات حاصل ہونی چاہیے۔ ڈیو واٹمور نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران بیٹنگ کوچ ٹرینٹ وڈ ہل نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ سخت محنت کی، نئی تکنیکس بلے بازوں کو بتائیں تاہم بدقسمتی سے کھلاڑی عمدہ پرفارم نہ کر سکے۔

تبصرے بند ہیں.