وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن کے پاکستان سے متعلق بیان پر امریکی سفیر کو طلب کر کے ڈی مارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر کے بیان سے متعلق سوال پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا ایک غیر رسمی تقریب میں امریکی صدر نے بہت سے ممالک سے متعلق بات کی جس میں پاکستان سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔ان کا کہنا تھا امریکی صدر کے بیان کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے بات ہوئی ہے، صدر بائیڈن کے بیان کے حوالے سے امریکی سفیر کو طلب کر کے ڈیمارش کیا جائے گا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا امریکی صدر کا بیان حیران کن ہے لیکن پاکستان اپنی سالمیت کے بقا کے لیے پرعزم ہے، اگر کسی ملک کے جوہری ہتھیاروں کے بارے میں سوال اٹھتا ہے تو وہ بھارت ہے، ہماری خارجہ پالیسی کی سمت درست ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ایٹمی اثاثے محفوظ اور تمام عالمی قوانین کے مطابق ہیں، امریکی سفیر کو ڈی مارش دینے کے لیے وزارت خارجہ میں طلب کیا ہے ،امریکی سفیر کو اس پوزیشن پر وضاحت پیش کرنے کے لیے کہا جائے گا، یقین رکھتے ہیں اس بیان سے پاک امریکا تعلقات پر منفی اثر نہیں پڑےگا۔کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا سیلاب کی وجہ سے ضمنی الیکشن پر توجہ نہیں دے سکے لیکن عوام سے اپیل ہے کہ عمران خان کے دھوکے میں نہ آئیں، یہ شخص پہلے بھی جھوٹ بول رہا تھا اور آج بھی جھوٹ بول رہا ہے۔
تبصرے بند ہیں.