گزشتہ روز پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا ٹی ٹوئنٹی میچ امریکی سفیر ڈونلڈبلوم، برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر، متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے وائس چیئرمین مارٹن ڈارلو نے قذافی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھا۔
اس موقع پر میڈیا سےگفتگو میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ ورلڈکپ سے پہلے ٹیم کو تیاری کا اچھا موقع مل رہا ہے،کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے ممالک قریب آ رہے ہیں۔
وائس چیئرمین ای سی بی مارٹن ڈارلو کا کہنا تھا کہ 17 سال بعد پاکستان آکر اچھا لگا، کراچی میں بھی تماشائیوں کا جوش و جذبہ دیکھنے کے لائق تھا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ویسٹ انڈیز کے ساتھ مل کر میزبانی کر رہے ہیں، کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے تمام ملکوں کو قریب لانے میں امریکا بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی بیٹنگ دیکھ کر مزہ آتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں محمد رضوان نے 63 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے، وہ اب تک اس سیریز میں 300 سے زائد رنز اسکور کر چکے ہیں۔
یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی زیادہ تر کرکٹ یو اے ای میں ہی کھیلی ہے، یو اے ای میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پاکستان کرکٹ کا بہت اہم کردارہے۔
برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنرنےکہا کہ پاکستانی شائقین کا جذبہ قابل تعریف ہے، دونوں ٹیمیں بہت اچھا کھیل رہی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.