امریکہ میں پاکستانی امور کی ماہر رابن رافیل پر جاسوسی کا الزام،تحقیقات شروع

واشنگٹن)جنرل ضیاء الحق کے طیارے میں ہلاک ہونے والے امریکی سفیر کی اہلیہ اور پاکستانی امور کی ماہر رابن رافیل کے خلاف جاسوسی کے الزام کی تحقیقات شروع ہو گئیں ، ایف بی آئی نے دفتر سیل کر دیا۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق رابن رافیل کے خلاف دوسرے ملک کیلئے جاسوسی کے الزام کی تحقیقات جاری ہیں ۔ ایف بی آئی نے گزشتہ مہینے واشنگٹن میں ان کے گھر کی تلاشی لی تھی جبکہ ان کے دفتر کو سیل کر دیا گیا ۔ رابن رافیل 30 سال سفارتکاری کے بعد 2005 ء میں ریٹائر ہوئیں جس کے بعد وہ محکمہ خارجہ کیلئے پاکستانی امور پر مختلف کام انجام دیتی رہیں ۔ ایف بی آئی نے اب تک رافیل کے خلاف تحقیقات کے حوالے سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا اور نہ ان پر کوئی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ رافیل کی مدت ملازمت 2 نومبر کو ختم ہوئی لیکن کلیئرنس اکتوبر میں ہی واپس لے لی گئی تھی ۔ رافیل کے ایک ترجمان نے اخبار کو بتایا کہ وہ تفتیش کاروں کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں لیکن ابھی تک انھیں تحقیقات کی نوعیت کے بارے میں نہیں بتایا گیا اور نہ بتایا گیا کہ ان کے خلاف کوئی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ رابن رافیل کے شوہر آرنلڈ رافیل اسلام آباد میں امریکی سفیر رہے ۔1988 میں فوجی آمر جنرل ضیا الحق کا طیارہ تباہ ہوا تو آرنلڈ بھی ان کے ساتھ تھے۔

تبصرے بند ہیں.