امریکا نے پاکستان کو کوئی ٹھوس تجارتی مراعات نہیں دیں: وزیر تجارت

وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے تجارتی مراعات میں امریکا یورپ کی برابری کرے، غیر ملکی تاجر بلا خوف و خطر سرمایہ کاری کریں۔

اسلام آباد: (آن لائن) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے طاقت کے ذریعے نہیں بلکہ معاشی امید سے نمٹا جائے گا۔ دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور ملک میں امن کی فضا قائم ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار پرامن پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ امریکی صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی امکانات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس درجہ ملنے کے بعد پاکستان کے یورپ سے تجارتی حجم میں اضافہ ہوا ہے۔ رواں مالی سال جولائی سے فروری تک پاکستان کی برآمدات میں 6.1 اور درآمدات میں 1.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مختصر وقت میں تجارت کے توازن کی سمت پاکستان کے حق میں کر دی ہے۔ سرکاری نظم و نسق میں کرپشن کا قلع قمع موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت عالمی سطح پر سرمایہ کاری اور تجارت کے اربوں ڈالر کے معاہدے کر رہی ہے لیکن کسی معاہدے میں کرپشن اور بدعنوانی کا شائبہ تک نہیں ملا۔ امریکا کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ 2001ء سے اب تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون کے باوجود امریکا کی طرف سے پاکستان کو کوئی ٹھوس تجارتی مراعات نہیں دی گئیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ جس طرح یورپی یونین نے پاکستان کو وسیع اور طویل مدتی تجارتی مراعا ت دی ہیں، امریکا بھی اسی طرح تجارتی مراعات میں یورپ کی برابری کرے۔

تبصرے بند ہیں.